واڑون میں سیلاب متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی ۔عمر عبداللہ
جموں, 31 اگست (ہ س)جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کشتواڑ کی واڑون وادی میں بادل پھٹنے سے متاثرہ لوگوں کی فوری مدد اور باز آبادکاری کے لیے انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کی شام مرگی گاؤں میں
CM jk


جموں, 31 اگست (ہ س)جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کشتواڑ کی واڑون وادی میں بادل پھٹنے سے متاثرہ لوگوں کی فوری مدد اور باز آبادکاری کے لیے انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بدھ کی شام مرگی گاؤں میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں 15 رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ کھیتی باڑی کی وسیع اراضی بھی شدید متاثر ہوئی۔ تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہفتے کو واڑون وادی میں اچانک آئے سیلاب اور بادل پھٹنے سے ہونے والی تباہی پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

اس دوران ڈپٹی کمشنر پنکج شرما اور ایس ایس پی کشتواڑ نریش سنگھ ہفتے کی صبح بذریعہ ہیلی کاپٹر موقع پر پہنچے اور حالات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بازآبادکاری، رابطہ سڑکوں کی بحالی اور بالائی علاقوں میں مقیم بکروال برادری کی حفاظت کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

سب ڈویژنل مجسٹریٹ مڑواہ محمد اشرف کے مطابق مرگی گاؤں میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں 14 سے 15 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 100 سے زائد مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں، جس سے 100 سے زیادہ خاندان مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، تاہم نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے اور امدادی کارروائیاں تیزی سے کی جا رہی ہیں۔ متاثرہ آبادی کے لیے حکومت کی جانب سے اجتماعی لنگر قائم کیا گیا ہے جبکہ ضروری اشیائے خوردونوش اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بحال کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande