پٹنہ،31اگست(ہ س)۔ بہار میں آج بھی بارش جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات پٹنہ کے مطابق 25 اضلاع میں بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ راجدھانی پٹنہ، بیگوسرائے اور مونگیر میں گنگا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔
جن اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان میں مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، سارن، مظفر پور، ویشالی، سمستی پور، دربھنگہ، مدھوبنی، سیتامڑھی، شیوہر، سپول، ارریہ، کشن گنج، پورنیہ، کٹیہار، مدھے پورہ، سہرسہ، بکسر، بھوجپور، روہتاس ، کیمور ، اورنگ آباداور کھگڑیا شامل ہیں۔
ان تمام اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور تیز بارش کے ساتھ ساتھ آسمانی بجلی گرنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلیں گی۔
ہفتہ کے روز کٹیہار، سپول اور بکسر میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، جب کہ راجدھانی پٹنہ میں ابر آلود رہا۔ بیگوسرائے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ بیگوسرائے، لکھی سرائے اور مونگیر سے شمہو بلاک کا سڑک رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ریاست کے لوگوں کو ایک ایڈوائزری جاری کی ہے کہ پانی جمع ہونے اور سیلاب کی صورت میں لوگ اونچی جگہوں پر چلے جائیں۔ اس کے علاوہ بجلی کی کھلی تاروں سے دور رہیں اور آسمانی بجلی گرنے کے دوران کھلے میدانوں سمیت اونچے درختوں کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں۔
اس بار بہار میں اب تک صرف 542.9 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے، جب کہ عام اعداد و شمار 732 ملی میٹر ہونا چاہیے تھا۔ یعنی اس بار 26 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات کے مطابق یکم ستمبر سے مانسون ایک بار پھر سرگرم ہو جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan