برمنگھم، 3 اگست (ہ س)۔ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے دوسرے سیزن کے فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کی چیمپئن ٹیم نے پاکستان چیمپئنز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔ جنوبی افریقہ چیمپئنز کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز ’پلیئر آف دی میچ‘ بنے جنہوں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 60 گیندوں پر 120 رنوں کی شاندار سنچری اسکور کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ فائنل میچ برمنگھم کے ایجبسٹن گراونڈ میں کھیلا گیا۔
ڈبلیو سی ایل 2025 کے فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کی چیمپئن ٹیم نے پاکستان چیمپئنز کے خلاف صرف 16.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 196 رنوں کا ہدف حاصل کر کے خطاب اپنے نام کر لیا۔ ڈی ویلیئرز نے 120 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ جبکہ ڈومنی نے 50 رنوں کی پرکشش اننگز کھیلی۔
اس سے قبل پاکستان چیمپئن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ سلامی بلے باز شرجیل خان نے 76 رنوں کی اننگز کھیلی جبکہ عمر امین نے ناٹ آوٹ 36 رن بنائے۔ پاکستان چیمپئنز نے جنوبی افریقہ چیمپئنز کے سامنے 196 رنوں کا ہدف رکھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن