کیننگٹن اوول (لندن)، 3 اگست (ہ س)۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے پانچویں ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن کے کھیل کے بعد دلچسپ موڑ آ گیا ہے۔ ہندوستان نے انگلینڈ کے سامنے 374 رنوں کا بڑا ہدف رکھا ہے جس کے جواب میں انگلینڈ نے اسٹمپ تک ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رن بنا لیے ہیں۔ اب انگلینڈ کو جیت کے لیے مزید 324 رن درکار ہیں جبکہ ہندوستان کو 9 وکٹیں درکار ہیں۔
تیسرے دن انگلینڈ کی دوسری اننگز میں صرف 13.5 اوورز کا ہی کھیل ہوسکا۔ محمد سراج نے جیک کراولی (14 رن) کو آوٹ کر کے انگلینڈ کو پہلا جھٹکا دیا۔ بین ڈکٹ تیزی سے رن بنا رہے ہیں اور 48 گیندوں میں 34 رن بنانے کے بعد ناٹ آوٹ ہیں۔
ہندوستانی ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ کے ایل راہل (7 رن) اور سائی سدرشن (11 رن) جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ لیکن اس کے بعد یشسوی جیسوال اور نائٹ واچ مین کے طور پر آئے آکاش دیپ نے مورچہ سنبھال لیا۔ جیسوال نے 164 گیندوں میں 118 رن بنائے جس میں 14 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ آکاشدیپ نے 66 رن (94 گیندوں، 12 چوکوں) کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنائی۔
اس کے بعد شبھمن گل (11) اور کرون نائر (17) سستے میں آوٹ ہوگئے۔ ٹیم کا اسکور 229/5 تھا۔ یہاں سے رویندر جڈیجا نے 77 گیندوں میں 53 رن (5 چوکے) کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ دھرو جریل نے بھی 34 رن بنائے۔ آخر میں واشنگٹن سندر نے شاندار بلے بازی کی اور صرف 46 گیندوں پر 53 رن بنائے جس میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کی اننگز نے ہندوستان کو باعزت برتری دلائی۔
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹونگ نے 125 رن کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ گس ایکنسن نے 3 اور جیمی اوورٹن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کرس ووکس انجری کے باعث اس میچ میں گیندبازی نہیں کر سکے جس کی وجہ سے انگلینڈ کی گیندبازی کمزور دکھائی دے رہی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن