بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے کے بارے میں تو سبھی جانتے ہیں لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ان کے بھائی اکشے اوبرائے بھی فلم انڈسٹری کے ایک اداکار ہیں۔ حال ہی میں اکشے نے ایک انٹرویو کے دوران وویک کے ساتھ اپنے تعلقات پر خاموشی توڑتے ہوئے ایک ایسا بیان دیا جس نے سب کو حیران کر دیا۔
اکشے نے واضح طور پر کہا کہ وویک ان کے کزن ہونے کے باوجود دونوں کے درمیان کبھی کوئی خاص قربت نہیں رہی۔ انہوں نے کہا، وویک اوبرائے میرے کزن ہیں، لیکن ہم قریبی نہیں ہیں، ہمارے درمیان اچھے تعلقات نہیں ہیں، انڈسٹری میں بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ہم بھائی ہیں، میں نے اپنے کریئر میں کبھی وویک کا نام استعمال نہیں کیا، کیونکہ ہمارے درمیان کوئی ایسا رشتہ نہیں تھا جس سے میں فائدہ اٹھا سکوں۔
اکشے نے اس دوری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، مجھے دکھ ہے کہ بھائی ہونے کے باوجود ہم ایک دوسرے کے اتنے قریب نہیں ہو سکے۔ حالانکہ مجھے اس خاندان کا حصہ ہونے پر فخر ہے، لیکن مجھے افسوس ہے کہ مجھے کبھی وویک کے ساتھ کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔
اکشے اوبرائے 'بلیک میل'، 'پیزا' جیسی فلموں میں نظر آ چکے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ریتک روشن کی فلم 'فائٹر' میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ وویک اوبرائے نے 'ساتھیا'، 'کمپنی' اور 'شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا' جیسی کامیاب فلموں کے ذریعے بالی ووڈ میں مضبوط شناخت بنائی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی