نئی دہلی، 27 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز ہندوستانی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کو اعزاز سے نوازا جنہوں نے حال ہی میں 'آپریشن مہادیو' کو کامیابی سے انجام دیا اور پہلگام حملے کے دہشت گردوں کو ختم کیا۔
شاہ نے کہا کہ یہ اعزاز وزیر اعظم نریندر مودی اور ملک کے لوگوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کو دیا جا رہا ہے، جنہوں نے ملک کے لوگوں کے ذہنوں میں سیکورٹی پر اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب کشمیر میں سیاحت اپنے عروج پر تھی، دہشت گردوں نے پہلگام حملے کے ذریعے 'کشمیر مشن' کو پٹری سے اتارنے کی ناکام کوشش کی، لیکن ہمارے فوجیوں نے دشمن کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آپریشن سندور نے لوگوں کے ذہنوں میں اطمینان پیدا کیا تھا جب کہ آپریشن مہادیو نے اس اطمینان کو خود اعتمادی میں بدل دیا ہے۔ دونوں کارروائیوں نے دہشت کے آقاوں کو ایک مضبوط پیغام دیا ہے کہ ہندوستان کے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے نتائج کتنے بھیانک ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تکنیکی طور پر نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی فرانزک سائنس لیبارٹری نے ثابت کیا ہے کہ آپریشن مہادیو میں مارے گئے دہشت گرد وہی تھے جنہوں نے پہلگام میں بے گناہ لوگوں پر ظلم ڈھایا تھا۔ شاہ نے کہا کہ ہندوستانی فوج، نیم فوجی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس نے ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گرد چاہے کتنی ہی بار اپنی حکمت عملی بدل لیں، وہ ہندوستان کو نقصان پہنچا کر بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اب جموں و کشمیر پولیس بھی دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشن سندور اور آپریشن مہادیو پر، تمام پارٹیاں اور شہری، چاہے وہ حکمراں پارٹی میں ہوں یا اپوزیشن میں، سیکورٹی فورسز کے تئیں تعریف اور جوش کے جذبات رکھتے ہیں۔ سلامتی پر یہ یقین ہر میدان میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی ہندوستان کی خواہش کی بنیاد ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے ماسٹر مائنڈ اور اس کے ساتھیوں کو بے اثر کرنے کے لیے آپریشن مہادیو شروع کیا گیا تھا۔ اس مشترکہ آپریشن میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے درست انٹیلی جنس کی بنیاد پر لشکر کے تین دہشت گردوں سلیمان، افغان اور جبران کو 28 جولائی کو کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے انکاؤنٹر میں مار گرایا۔اس کامیابی کے بعد وادی میں امن کا احساس مضبوط ہوا اور سیاحوں اور مقامی شہریوں میں سیکورٹی کا اعتماد بڑھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی