نئی دہلی، 25 اگست (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی پیر سے گجرات کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ 5,400 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور آغاز کریں گے۔ وہ آج شام ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم مودی 25-26 اگست کو اپنے گجرات دورے کے دوران احمد آباد، گاندھی نگر اور مہسانہ میں 5400 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم کے طے شدہ پروگرام کے مطابق وہ آج شام 6 بجے احمد آباد پہنچیں گے، جہاں وہ روڈ شو کریں گے۔ اس کے بعد وہ نکول علاقہ کے کھودلدھام گراؤنڈ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم گاندھی نگر راج بھون میں رات قیام کریں گے۔
دورے کے آخری دن 26 اگست کو صبح تقریباً 10.30 بجے وزیر اعظم احمد آباد کے ہنسل پور میں ہائبرڈ بیٹری الیکٹروڈ کی مقامی پیداوار کا افتتاح کریں گے اور 100 ممالک کو بیٹری الیکٹرک گاڑیوں کی برآمد کو جھنڈی دکھائیں گے۔ وہ 1400 کروڑ روپے سے زیادہ کے ریلوے پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس میں 530 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والی 65 کلومیٹر مہیسانہ-پالن پور ریل لائن کو دوگنا کرنا، 860 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والی 37 کلومیٹر کلول-کاڈی- کٹوسن روڈ ریل لائن اور 40 کلومیٹر بیچراجی-رنوج ریل لائن کی گیج کی تبدیلی شامل ہے۔
دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وہ 26 اگست کی سہ پہر احمد آباد سے دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی