نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ مرکزی حکومت راجستھان کے کوٹا- بوندی گرین فیلڈ ایئرپورٹ کی 1507 کروڑ کی لاگت سے ترقی کرے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی نے آج کوٹا- بوندی میں ہوائی اڈے کی ترقی کے لیے ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کی تجویز کو منظوری دے دی۔
کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس پروجیکٹ میں 20 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلی ایک ٹرمینل عمارت کی تعمیر بھی شامل ہے۔مصروف اوقات میں اس ٹرمینل عمارت میں 1000 مسافروں (پی ایچ پی ) کو سنبھالنے کی گنجائش ہو گی۔ اس کی سالانہ گنجائش 20 لاکھ مسافر سالانہ (ایم پی پی اے) ہوگی۔ رن وے 11/29 کا سائز 3200 میٹر ضرب 45 میٹر ہوگا۔اے -321 قسم کے طیاروں کے لیے 07 پارکنگ بے کے ساتھ ایک ایپرن بھی ہوگا۔ پروجیکٹ میں دو لنک ٹیکسی وے، اے ٹی سی اور ٹیکنیکل بلاک، فائر اسٹیشن، کار پارک اور متعلقہ کام شامل ہیں۔
موجودہ کوٹا ہوائی اڈہ ائیرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی ) کی ملکیت ہے۔ یہ 1220 میٹر ضرب 38 میٹر طول و عرض کے ایک رن وے (08/26) پر مشتمل ہے، جو کوڈ ’بی‘ ہوائی جہازوں کے لیے موزوں ہے (جیسے ڈی او-228) اور ایک ایپرن ہے جو ایسے دو ہوائی جہازوں کو ایڈجسٹ کر سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دریائے چمبل کے کنارے واقع کوٹا کو راجستھان کے صنعتی دارالحکومت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کوٹا ہندوستان کے ایک تعلیمی کوچنگ سینٹر کے طور پر بھی مشہور ہے۔ راجستھان حکومت نے اے -321 قسم کے ہوائی جہاز چلانے کے لیے موزوں گرین فیلڈ ہوائی اڈے کی ترقی کے لیے 440.06 ہیکٹیئر اراضی اے اے آئی کو منتقل کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد