جموں, 14 اگست (ہ س)۔ یومِ آزادی کے موقع پر جموں و کشمیر پولیس نے ایک بار پھر اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ملک کی تمام پولیس فورسز میں سب سے زیادہ 127 بہادری کے میڈلز اپنے نام کر لیے۔ یہ اعلان وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اس فہرست میں کیا گیا جس میں پولیس، فائر سروسز، ہوم گارڈ، سول ڈیفنس اور کریکشنل سروسز کے اہلکاروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
یہ تمغے اُن اہلکاروں کو دیے جاتے ہیں جنہوں نے شجاعت، غیر معمولی خدمات اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔ گیلینٹری میڈلز کے علاوہ جموں و کشمیر پولیس کے 2 اہلکاروں کو صدر جمہوریہ کا پولیس میڈل برائے نمایاں خدمات اور 14 اہلکاروں کو پولیس میڈل برائے شاندار خدمات بھی عطا کیے گئے۔
یہ تاریخی اعزاز اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، داخلی سلامتی کے تحفظ اور امن و قانون کی بحالی جیسے مشکل ترین محاذوں پر ہمیشہ شاندار کردار ادا کیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ 127 گیلینٹری میڈلز کی یہ تعداد دیگر فورسز سے کئی گنا زیادہ ہے۔اس فہرست میں سی آر پی ایف کو 20، چھتیس گڑھ پولیس کو 14، اتر پردیش پولیس کو 17 اور اڑیسہ پولیس کو 9 میڈلز دیے گئے۔ یہ اعزاز اس بات کا ثبوت ہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے نہایت کٹھن حالات میں بھی بے مثال جرات، حوصلے اور قربانی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر