نئی دہلی،یکم اگست (ہ س)۔ بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کو لے کر جمعہ کو بھی راجیہ سبھا کی کارروائی میں خلل پڑا۔ اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے راجیہ سبھا کی کارروائی پہلے دوپہر 12 بجے تک اور پھر پیر کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ جمعہ کو جیسے ہی راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوئی، ضروری دستاویزات ایوان کی میز پر رکھ دی گئیں۔ اس کے بعد ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کہا کہ آج بہت سے لوگوں نے بہار کے تناظر میں ایس آئی آر کو لے کر نوٹس دیا ہے۔ آج 30 ارکان نے نوٹس دیا جسے ڈپٹی چیئرمین نے مسترد کر دیا۔ جس کے بعد ایوان میں ہنگامہ شروع ہو گیا۔ اس دوران عام آدمی پارٹی کے رکن اشوک کمار متل نے اسپتالوں میں بھیڑ کا مسئلہ اٹھایا۔ اس کے بعد بھی ہنگامہ نہیں رکا۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ دوپہر 12 بجے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو بھی اپوزیشن ارکان کا ہنگامہ جاری رہا۔ پریزائیڈنگ آفیسر گھنشیام تیواری نے وقفہ سوالات شروع کیا۔ پہلے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر اشونی وشنو جواب دینے کے لیے اٹھے لیکن ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کارروائی جاری نہیں رہ سکی جس کے بعد کارروائی پیر کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی