مشرقی بردوان، 5 جولائی (ہ س)۔ مشرقی بردوان ضلع کے کٹوا سب ڈویژن کے تحت راجووا گاوں کے اترپاڑہ علاقے میں جمعہ کی رات ایک لاوارث ویران کچے مکان میں دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ اس دھماکے میں مٹی کا مکان منہدم ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق رات تقریباً 9 بجکر 15 منٹ پر گاوں والے زور دار دھماکے کی آواز سن کر گھروں سے باہر نکل آئے اور دیکھا کہ ایک متروک مکان سے آگ کے شعلے اٹھ رہے ہیں اور مکان مکمل طور پر منہدم ہو چکا ہے۔ لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی کٹوا تھانے کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک زخمی شخص کو ملبے سے نکالا اور اسے فوری طور پر کٹوا سرکاری اسپتال میں داخل کرایا۔ اس کے کچھ دیر بعد اسی ملبے سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔
ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب گھر میں بم بنائے جارہے تھے۔ گاوں والوں کا الزام ہے کہ یہ لاوارث مکان بم بنانے کا اڈہ بن گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ بم بنانے میں ملوث کچھ لوگ بیر بھوم سے آئے تھے۔
جس گھر میں یہ واقعہ پیش آیا ،وہ مقامی رہائشی مرحوم منٹو شیخ کا تھا۔ ان کی وفات کے بعد ان کے بیٹے یہ گھر چھوڑ کر کہیں اور آباد ہو گئے جس کے بعد یہ گھر ویران اور سماج دشمن عناصر کی آماجگاہ بن گیا۔
پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد