علی گڑھ, 31 جولائی (ہ س)۔
سبکدوشی کسی بھی ملازم کی زندگی کی لازوال حقیقت ہے جسے تسلیم کیاجانا چاہئے اور اسے ایک نیا موقع سمجھنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے آنریری جنرل سیکریٹری پروفیسر رضاء اللہ خاں نے کیا وہ آج کانفرنس دفتر سلطان جہاں منز ل میں ملازم افضال احمد کی سبکدوشی کے موقع پر منعقدنشست سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے سبکدوش ہونے و الے افضال احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سبکدوشی کو آزادی سمجھئے اور زندگی میں خلاء رہ گیا تھا اسکو پر کرنے کی کوشش کیجئے اور کچھ حاصل ہوا ہے اس کو غنیمت سمجھتے ہوئے نئی زندگی کی شروعات کیجئے۔
کانفرنس کے جوائنٹ سیکریٹری اسد یار خاں نے افضال احمد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کانفرنس میں نہایت ہی انہماک کے ساتھ خدمات انجام دیں اور کانفرنس کے جملہ امور کوبحسن خوبی انجام دیا میری دعا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے کام کریں جس سے انکا نام مزید روشن ہو۔اس موقع پر انجینئر فیروز احمد،راشد مصطفی اور محمد احمد شیون نے بھی افضال احمد کی خدمات کو سراہا اور انکے روشن مستقبل کے لئے دعا کی اور توقع ظاہر کی کہ وہ حسب سابق کانفرنس سے رابطہ قائم رکھیں گے۔
اس موقع پر کانفرنس کے آفس انچارج محمد صابر نے جملہ اسٹاف کی جانب سے افضال احمد کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انھوں نے ہمیشہ سب کے ساتھ مل کر کام کیا اور اپنے تجربات سے فیضیاب کرتے رہے۔اس موقع پر کانفرنس کے جملہ اسٹاف کے ساتھ ضیاء الحق اور افضال احمد کے دو بیٹوں سمیت اہل خانہ موجود رہے۔۔۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ