علی گرھ, 31 جولائی (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ فزیالوجی نے ’نشہ مُکت بھارت پکھواڑہ‘ منایا اور منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری پیدا کرتے ہوئے نشہ سے پاک طرززندگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ شعبے کے اساتذہ، غیر تدریسی عملے کے اراکین اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے اس سرگرمی میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر شعبہ پروفیسر گل آر نبی خان نے نشہ سے پاک اور صحت مند زندگی گزارنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام شرکاء سے اپیل کی کہ وہ قومی مہم ’نشہ مُکت بھارت‘ بارے میں عوامی بیداری پیدا کریں اور خود بھی منشیات سے دور رہنے کا عزم کریں۔
اس مہم کے حصے کے طور پر تمام حاضرین نے ’نشہ مُکتی‘ کا حلف لیا، جسے پروفیسر خان نے بلند آواز میں پڑھا اور تمام شرکاء نے اجتماعی طور سے دہرایا۔ نشہ سے دوری کے پیغام کو لوگوں تک پہنچانے کے لئے ایک پوسٹر بھی تیار کیا گیا، جسے شعبہ اور کالج کے طلبہ میں تقسیم کیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ