سیول، 31 جولائی (ہ س)۔ ایف سی بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی جولس کونڈے نے بدھ کو تصدیق کی کہ انہوں نے کلب کے ساتھ 2030 تک نیا پانچ سالہ معاہدہ کر لیا ہے۔اگرچہ کلب نے ابھی تک اس خبر کا باضابطہ اعلان نہیں کیا تاہم فرانسیسی بین الاقوامی کھلاڑی نے یہ معلومات کوریا کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیں۔
کونڈے نے کہا، ’’معاہدے سے متعلق تمام عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اب یہ چند دنوں کی بات ہے جب اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ تیز رفتار مذاکرات سے ’’بہت خوش‘‘ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ’’بارسلونا اور میری ایک ہی سوچ ہے۔ میں اس ٹیم کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں۔ یہ ایک پرجوش کلب ہے اور ہم ہر سال خطاب کے لیے لڑ سکتے ہیں۔‘‘
غور طلب ہے کہ کونڈے نے گزشتہ سیزن کوپا ڈیل رے کے فائنل میں ریئل میڈرڈ کے خلاف فیصلہ کن گول کیا تھا جس سے بارسلونا کو فتح ملی تھی۔
26 سالہ جولس کونڈے 2022 میں سیویلا سے بارسلونا منتقل ہوئے اور کلب کے لیے اب تک 141 میچوں میں سات گول کر چکے ہیں۔ ابتدائی طور پر انہیں سینٹر بیک کے طور پر سائن کیا گیا تھا لیکن حالیہ سیزن میں انہوں نے خود کو رائٹ بیک کے طور پر بھی ثابت کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن