نئی دہلی، 30 جولائی (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی کسان سمان ندھی کی اگلی قسط 2 اگست کو جاری کریں گے۔ اس بار وزیر اعظم اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں منعقد ایک تقریب میں 20ویں قسط میں تقریباً 20,500 کروڑ کی رقم 9.7 کروڑ کسانوں کو منتقل کریں گے۔
اس سلسلے میں بدھ کو مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں 2 اگست کو وزیر اعظم کی قیادت میں وارانسی میں منعقد ہونے والے پروگرام کی تیاریوں اور زیادہ سے زیادہ کسانوں کو فائدہ پہنچانے کو یقینی بنانے پر وسیع تبادلہ خیال کیا گیا۔ 731 کرشی وگیان کیندر (کے وی کے)، انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) اور ملک بھر کی زرعی یونیورسٹیوں کے ڈائریکٹرز، وائس چانسلرز اور سربراہان نے ورچوئل میڈیم کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا۔
مرکزی وزیر چوہان نے وارانسی میں منعقد ہونے والے پروگرام میں قومی، ریاستی، ضلع اور دیہی سطح پر کسانوں کو جوڑنے کے لیے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں اور پروگرام کو ملک گیر سطح پر ایک مہم کے طور پر منظم کرنے کے لیے ایک فریم ورک تیار کرنے کو کہا۔
قابل ذکر ہے کہ کسان سمان ندھی کے تحت 6 ہزار روپے کی رقم 3 قسطوں میں جاری کی جاتی ہے اور ہر 4 ماہ بعد ایک قسط جاری کی جاتی ہے۔ سال 2019 میں شروع کی گئی اسکیم کے تحت، اب تک جاری کی گئی 19 قسطوں میں کسانوں کے کھاتوں میں 3.69 لاکھ کروڑ روپے کی رقم منتقل کی گئی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی