نئی دہلی، 3 جولائی (ہ س)۔ ویبھو سوریہ ونشی کی دھماکہ خیز بلے بازی کی بدولت ہندوستان کی انڈر 19 ٹیم نے بدھ کو نارتھمپٹن میں کھیلے گئے تیسرے یوتھ ون ڈے میں انگلینڈ انڈر 19 کو چار وکٹوں سے شکست دی۔ بارش کی وجہ سے میچ کو 40 اوورز فی اننگز کر دیا گیا۔
14 سالہ سوریہ ونشی نے 31 گیندوں میں 86 رنوں کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی اور 269 رنوں کے ہدف کی طرف ہندوستان کے تیز رفتار مارچ کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے صرف 20 گیندوں میں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ہندوستان کے لیے انڈر 19 ون ڈے میں دوسری تیز ترین نصف سنچری بنائی۔ اس سے قبل تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ رشبھ پنت کے نام تھا جنہوں نے 2016 میں نیپال کے خلاف 18 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔
سوریہ ونشی کے بعد نچلے درجے کے بلے باز کنشک چوہان اور آر ایس امبریش نے ساتویں وکٹ کے لیے 75 رن جوڑے جس کی وجہ سے ہندوستان کو ہدف تک پہنچنے اور میچ جیتنے میں مدد ملی۔
اس سے قبل انگلینڈ کی اننگز بی جے ڈاکنز اور کپتان تھامس ریو کی نصف سنچریوں سے مضبوط ہوئی۔ ہندوستان کی جانب سے کنشک چوہان سب سے کامیاب گیندباز رہے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن