برمنگھم، 3 جولائی (ہ س)۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ہندوستانی بلے بازوں کا جلوہ دیکھنے کو ملا۔ کپتان شبھمن گل نے ایک بار پھر شاندار سنچری (*114) بنا کر اپنی قیادت کو مضبوطی دی، جبکہ یشسوی جیسوال کی 87 رن کی جارحانہ اننگز نے ٹیم انڈیا کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 310 رن بنا لیے ہیں۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی جانب سے یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل اوپننگ کرنے آئے لیکن اس بار لیڈز ٹیسٹ کے ہیرو راہل صرف 2 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
کرون نائر کو نمبر 3 پر موقع ملا، جنہوں نے 31 رنوں کی اہم اننگز کھیلی، جب کہ جیسوال کے ساتھ 80 رنوں کی شراکت داری کی۔ یشسوی نے بھی تیز رفتار انداز میں کھیلتے ہوئے 87 رن بنائے اور انگلش گیند بازوں کو بیک فٹ پر ڈال دیا۔
رشبھ پنت نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے تیزی سے رن بنائے تاہم وہ 25 رن بنانے کے بعد آوٹ ہوگئے۔ نوجوان نتیش کمار ریڈی کو بھی موقع ملا، لیکن وہ صرف 1 رن بنا کر آوٹ ہو گئے۔
پھر پانچویں وکٹ گرنے کے بعد شبھمن گل اور رویندرا جڈیجہ نے ہندوستانی اننگز میں استحکام لایا۔ اب تک دونوں کے درمیان 99 رن کی ناٹ آوٹ شراکت ہو چکی ہے۔ کپتان گل جہاں زبردست فارم میں ہیں وہیں جڈیجا نے بھی صبر اور جارحیت کا شاندار توازن دکھایا ہے۔ گل 114 اور رویندر جڈیجا 41 رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے سب سے زیادہ دو جبکہ برائیڈن کارس، بین اسٹوکس اور شعیب بشیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تاہم انگلش گیندبازوں کو آخری سیشن میں گل اور جڈیجا کی شراکت نے تھکا دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن