علی گڑھ, 3 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شعبہ طبیعیات کے سبکدوش استاد پروفیسر محمد شعیب کی اہلیہ محترمہ سیما شعیب کی جانب سے دو لاکھ روپے کے عطیہ سے اشرف سلیمان اور شہناز شارق کے نام پر دو نئے وظائف کا آغاز کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر نے ان وظائف کو منظوری دے دی ہے، جو تعلیمی سال 2024-25 سے نافذ العمل ہیں۔
اعلان کے مطابق ہر سال اے ایم یو کے زیر انتظام اسکولوں میں ہائی اسکول امتحان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایک طالب علم اور ایک طالبہ کو فی کس چار ہزار روپے کی اسکالرشپ دی جائے گی۔
یہ اسکالرشپ اے ایم یو کے ملازمین - خواہ وہ مستقل، عارضی یا یومیہ اجرت پر ہوں - کے بچوں کے لیے مختص ہیں، بشرطیکہ ان کی سالانہ آمدنی چھ لاکھ روپے سے زائد نہ ہو۔ اہل طلبہ کا داخلہ ان اسکولوں میں ہونا چاہیے جو اے ایم یو کے زیر انتظام و نگرانی چل رہے ہیں۔
اسکالرشپ کے لیے درخواستیں متعلقہ اسکول کے پرنسپل کے توسط سے ڈائریکٹر، ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن کے یہاں جمع کرنی ہوں گی۔ درخواست کے ساتھ مارک شیٹ اور آمدنی کا ثبوت دینا لازمی ہے۔ درخواستیں آنے بعد ڈائریکٹر ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جو درخواستوں کا جائزہ لے کر مستحق امیدواروں کی سفارش کرے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ