پٹنہ، 29 جولائی (ہ س)۔ بہار میں مانسون پوری طرح سے سرگرم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے راجدھانی پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں موسلادھار بارش جاری ہے۔ پیر کی دیررات ہوئی بارش نے پٹنہ کو پانی پانی کر دیا، جس کی وجہ سے راجندر نگر اور کنکڑباغ جیسے کئی علاقے تالاب اور جھیلوں میں تبدیل ہو گئے۔
سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی اور مقامی لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات، پٹنہ اور پوسا کے دیہی موسمیاتی مرکز کے مطابق پٹنہ میں آئندہ 1-2 دنوں تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ جنوبی بہار میں مانسون کی مضبوط حالت کی وجہ سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے جبکہ شمالی بہار میں یہ کمزور پڑ رہی ہے۔
آئی ایم ڈی نے 29 جولائی یعنی آج بہار کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ جموئی،بانکا، بھاگلپور اور ارریہ میں کئی مقامات پر شدید بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نوادہ اور مونگیر جیسے اضلاع میں بھی ایک یا دو مقامات پرموسلادھار بارش کے امکان کے ساتھ یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ یلو الرٹ جنوبی بہار کے اضلاع میں بھی نافذ ہے۔ بہار کے مختلف حصوں میں آئندہ 3-5 دنوں میں درمیانی درجے سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ پٹنہ میں پیر کے روز 106 ملی میٹر بارش درج کی گئی، جس سے شہر کے نشیبی علاقوں میں آبی جماؤ ہے۔ پٹنہ جنکشن پر ریلوے ٹریک پر پانی جمع ہونے اور نوادہ کے صدر اسپتال کے وارڈوں میں پانی داخل ہونے سے مریضوں اور مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے آبی نکاسی کے لیے پمپ لگائے ہیں لیکن کنکڑ باغ اور راجندر نگر جیسے علاقوں میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ برقرار ہے۔ دیر رات شہری ترقی کے وزیر جیویش مشرا نے خود پانی بھرے علاقے کا دورہ کیا اور افسران کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
بھاگلپور میں پیر کے روز 62 ملی میٹر بارش درج کی گئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی آئی۔ بی اے یو کی دیہی زرعی موسمیاتی سروس کے نوڈل افسر نے کہا ہے کہ بادل 30 جولائی تک ایسے ہی رہیں گے اور ایک یا دو مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan