جموں ڈویژن کے متعدد اضلاع میں شدید بارش کی پیشنگوئی ۔
جموں, 29 جولائی (ہ س)محکمہ موسمیات نے منگل کو جموں و کشمیر کے لیے ایک اہم موسمی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے آئندہ دنوں کے دوران شدید موسمی حالات کا انتباہ دیا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق 29 تا 31 جولائی کے دوران جموں ڈویژن کے متعدد اضلاع، جموں، ریاسی، اُدھ
جموں ڈویژن کے متعدد اضلاع میں شدید بارش کی پیشنگوئی ۔


جموں, 29 جولائی (ہ س)محکمہ موسمیات نے منگل کو جموں و کشمیر کے لیے ایک اہم موسمی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے آئندہ دنوں کے دوران شدید موسمی حالات کا انتباہ دیا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق 29 تا 31 جولائی کے دوران جموں ڈویژن کے متعدد اضلاع، جموں، ریاسی، اُدھم پور، کٹھوعہ، راجوری اور سانبہ شامل میں شدید سے بہت شدید بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ ان بارشوں کے باعث بعض حساس علاقوں میں اچانک سیلاب، زمین کھسکنے، مٹی کے تودے گرنے اور پہاڑی علاقوں میں پتھروں کے گرنے جیسے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور جموں کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے بھی خدشات ہیں۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ 29 تا 31 جولائی کے دوران مذکورہ اضلاع میں زیادہ تر بارشیں رات کے آخری پہر یا صبح سویرے کے وقت ہوں گی۔ اس دوران موسم عمومی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ بعض مقامات پر تیز بارش اور جھکڑ چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم تا 3 اگست خطے میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم کہیں کہیں ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بعد ازاں، 4 تا 6 اگست جموں و کشمیر کے متعدد علاقوں میں دوبارہ ہلکی سے درمیانی بارشوں اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ نے عوام اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتِ حال پر قریبی نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں اور ان راستوں پر جہاں لینڈ سلائیڈنگ یا پتھروں کے گرنے کا اندیشہ ہو۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande