چنڈی گڑھ، 27 جولائی (ہ س)۔
پنجاب پولیس نے امرتسر کے سرحدی ضلع میں پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی سے منسلک اسلحہ اسمگل کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے پانچ ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گینگ بھارت کو اسلحہ اور منشیات بھیجنے میں ملوث تھا۔ پولیس نے ان کے پاس سے اسلحہ، گولیاں اور نقدی برآمد کی ہے۔
پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے اتوار کو کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ اسمگلنگ گینگ پاکستان میں آئی ایس آئی کے ایجنٹوں سے رابطے میں تھا۔ ان کے پاس سے ایک اے کے سائگا رائفل، دو میگزین، دو گلوک پستول بمعہ چار میگزین، 90 زندہ رائفل کارتوس، دس پستول کارتوس، 7.5 لاکھ روپے کی منشیات کی رقم، ایک کار اور تین موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ کھیپ نو عرف نو پنڈوری کو سونپی جانی تھی جو بدنام زمانہ گینگسٹر جگو بھگوان پوریا کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ یہ نیٹ ورک دہشت گردی اور گینگسٹر گینگ کے گٹھ جوڑ کا حصہ ہے۔ ڈی جی پی گورو یادو نے کہا کہ پولیس ریاست میں دہشت گردی، منظم جرائم اور اسمگلنگ جیسے جرائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ