نئی دہلی، 22 جولائی(ہ س)۔ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے بمبئی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیا جس میں بمبئی ہائی کورٹ نے 12 مسلم نوجوانوں کو جنہیں نچلی عدالت سے پھانسی اور عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، باعزت بری کردیا۔ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی جنرل سیکریٹری( آرگنائزیشن) ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ممبئی سیریل بم بلاسٹ کے الزام میں ماخوذ 12 مسلم نوجوانوں کے 19 سال کی قید وبند کے بعد بمبئی ہائی کورٹ کی جانب سے باعزت بری کئے جانے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے انصاف کی جیت اور بے گناہوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے والوں کے مونہہ پر زبردست طمانچہ قرار دیا۔انہوں نے بمبئی ہائی کورٹ کی خصوصی بنچ کے اس تبصرہ کو جس میں اس نے ان تمام مسلم نوجوانوں کو باعزت بری کرتے ہوئے کہا کہ استغاثہ مقدمہ کو معقول شک و شبہات سے بالاتر ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے، اس فیصلے کی سب سے اہم بنیاد قرار دیا۔ جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ مقدمہ مکمل طور پر جھوٹا اور بناو¿ٹی تھا۔ اس طرح کے اہم واقعات میں جب کے لوگوں کے جذبات برانگیختہ اور مشتعل ہوتے ہیں، پولس بے گناہوں کو ماخوذ کرکے اپنا پنڈ چھڑا لیتی ہے۔ اور گودی میڈی اس کا خوب خوب پروپیگنڈا کرکے جھوٹ کو سچ ثابت کردیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بمبئی ہائی کورٹ کا نچلی عدالت کے فیصلے پر تبصرہ ملک کے عدالتی نظام اور جانچ ایجنسیوں کی کارکردگی پر ایک بڑا طمانچہ بھی ہے۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا “تفتیشی ایجنسی نے ناقص ثبوت اور جھوٹی گواہی کی بنیاد پر ملزمین کو کٹہرے میں لا کھڑا تو کردیا لیکن انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا۔ ایسی ناقص تفتیش پر عدالت کے ذریعہ سنائے گئے فیصلہ سے عوام کا اعتماد بھی مجروح ہوتا ہے۔“ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ یہ پورا مقدمہ 19سال تک بے گناہوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ اور ملزمین کے اہل خانہ کو شدید زدوکوب پہنچانے کے مترادف ہے۔ لہذا ویلفیئر پارٹی مطالبہ کرتی ہے اس جھوٹے اور بے بنیاد مقدمہ کی بنیاد رکھنے میں جو لوگ بھی ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے، نیز بے قصور مسلم نوجوانوں کو بھرپور معاوضہ دلایا جائے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais