اے ایم یو پولی ٹیکنک کے 21 طلبہ کو متحدہ عرب امارات میں ملازمت حاصل ہوئی
علی گڑھ, 22 جولائی (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے ایک بڑی کامیابی کے طور پر یونیورسٹی پولی ٹیکنک (بوائز) کے 21 طلبہ کو دبئی کی معروف ملٹی نیشنل رئیل اسٹیٹ کمپنی”سوبھا کنسٹرکشنز“ نے ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔ یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ
پروفیسر نعیمہ خاتون منخب طلبا کے ساتھ


علی گڑھ, 22 جولائی (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے ایک بڑی کامیابی کے طور پر یونیورسٹی پولی ٹیکنک (بوائز) کے 21 طلبہ کو دبئی کی معروف ملٹی نیشنل رئیل اسٹیٹ کمپنی”سوبھا کنسٹرکشنز“ نے ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔

یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) اور پولی ٹیکنک کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس کے اشتراک سے منعقدہ کیمپس پلیسمنٹ مہم کے تحت منتخب ہونے والے سول اور مکینیکل انجینئرنگ کے ڈپلوما ہولڈرز، مٹیریئلز اینڈ لاجسٹکس، کوالٹی، سائٹ ایگزیکیوشن اور لینڈ سروے جیسے شعبوں میں کام کریں گے۔

منتخب ہونے والے طلبہ میں جاوید ملک، ارباز علی، محمد آرزو، محمد قسیم، محمد ذیشان، محمد تابش، محمد فرمان، کاشف عمر، حامد خان، فیضان مصطفیٰ، محمد یاسر، محمد سلمان، ارمان حسن، فیض، کامل، محمد سمیر علی، محمد فاروق، طلحہ عرفان، ابوذر حبیب، توصیف قمر اور ناصر علی شامل ہیں۔

پلیسمنٹ کے لئے طلبہ کی مؤثر تیاری کی خاطر اے ایم یو میں ایک جامع انٹرویو تیاری سیشن منعقد کیا گیا تھا، جس میں ڈاکٹر محمد کافی، ڈاکٹر محمد محسن اور ڈاکٹر جاں نثار اختر نے تکنیکی تربیت فراہم کی، جبکہ اے ایم یو کے رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس اور ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) جناب سعد حمیدنے انٹرویو کے آداب اور سی وی بنانے سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔

اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے منتخب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فیکلٹی اراکین کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقرریاں اے ایم یو کے تعلیمی معیار، ہنر فروغ اور طلبہ کو عالمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande