جموں, 12 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے اُکھڑال سینابتی علاقے میں جمعہ کے روز ایک دردناک سڑک حادثے میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ ضلعی انتظامیہ نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک لاکھ روپے اور زخمی کو 25 ہزار روپے ایکس گریشیا امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر رام بن، محمد الیاس خان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری ایک پیغام میں لکھا کہ اُکھڑال سینابتی میں پیش آئے سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ضلعی انتظامیہ گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت توقیر احمد، عبد اللطیف، محمد رفیق اور اعجاز احمد کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بھی ڈپٹی کمشنر رام بن سے بات کی اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اُکھڑال سینابتی کی طرف جانے والی ایک سومو گاڑی کے سڑک حادثے میں چار قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔ زخمیوں کو جی ایم سی اسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو ہر ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس سے قبل، 5 جولائی کو امرناتھ یاترا کے دوران چندرکوٹ لنگر سائٹ پر ایک اور سڑک حادثے میں 36 یاتری معمولی زخمی ہوئے تھے، جب پہلگام قافلے کی آخری گاڑی بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھڑی چار گاڑیوں سے ٹکرا گئی تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد بھی ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ یاتریوں کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر