جموں، یکم جولائی (ہ س)۔
جموں ڈویژن کے ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ مزدور کرگل کے سالیسکوٹ علاقے میں کرائے کے ایک کمرے میں مردہ پایا گیا، جس نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، متوفی کی شناخت شکیل احمد ولد نذیر احمد ساکنہ پرے پور، تحصیل گندنہ، ضلع ڈوڈہ کے طور پر کی گئی ہے، جو عارضی طور پر لڈنہ، شیخ پور میں مقیم تھا۔
شکیل احمد تقریباً 12 جون کو مزدوری کے سلسلے میں سالیسکوٹ پہنچا تھا اور دو دیگر افراد کے ساتھ ایک کرائے کے کمرے میں رہائش پذیر تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، شکیل نے پیٹ میں درد کی شکایت کی تھی اور اسی وجہ سے کام پر نہیں گیا، جبکہ اس کے ساتھی معمول کے مطابق کام پر روانہ ہو گئے۔ دوپہر تقریباً 1 بجے جب وہ واپس لوٹے تو کمرے کا دروازہ اندر سے بند پایا۔
ونڈو سے جھانکنے پر دیکھا گیا کہ شکیل احمد نے پھانسی لگا لی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور علاقے کو سیل کر دیا۔ فارنسک سائنس لیبارٹری کی ٹیم بھی موقع پر پہنچی اور کھڑکی توڑ کر کمرے کے اندر داخل ہوئی۔ ایک پولیس افسر کے مطابق،ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ خودکشی کا معاملہ معلوم ہوتا ہے، کیونکہ موقع پر کسی زبردستی داخلے یا مزاحمت کے آثار نظر نہیں آئے۔ پولیس نے بتایا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم جاری ہے، جبکہ متوفی کے والد اور چچا کرگل پہنچ چکے ہیں۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر