تیز رفتار کا قہر، گھومنے نکلے 5 طلباء کی کار حادثے کا شکار، 2 جاں بحق، 3 شدید زخمی
اندور، یکم جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں تیز رفتار کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایسے ہی ایک سڑک حادثے میں دو گھروں کا چراغ بجھ گیا، جب کہ تین اپنی جان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ واقعہ اندور شہر کا ہے۔ جہاں پیر کی دیر رات ایک تیز رفتار کار حادثے کا شکار ہو گئی۔ گاڑی میں پانچ دوست سوار تھے اور وہ سب شہر کی سیر کے لیے نکلے تھے۔ اس دوران وہ حادثے کا شکار ہو گئے۔ حادثے میں انجینئرنگ کے دو طالب علموں کی موت ہو گئی، جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
معلومات کے مطابق یہ واقعہ پیر کی رات تقریباً 2 بجے تیجاجی نگر تھانہ علاقے میں بائی پاس پر واقع پل کے قریب پیش آیا۔ تمام طلباء مہیشور کے قریب ڈھاپلا گاوں کے رہنے والے تھے اور اندور میں پڑھ رہے تھے۔ مرنے والوں کی شناخت دھیرج پاٹیدار (20) ولد کشور پاٹیدار ساکن گاوں ڈھاپلا، تھانہ منڈلیشور اور دھرو پاٹیدار ولد دلورام پاٹیدار ساکن دھرگاوں، منڈلیشور کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں اندور کے ایک انجینئرنگ کالج سے بی ٹیک کر رہے تھے اور ریڈیو کالونی میں کرائے کے فلیٹ میں رہتے تھے۔ حادثے میں ہیمنت پاٹیدار، آدتیہ اور یشراج نامی تین طالب علم زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ہیمنت مہارانا رنجیت سنگھ کالج سے بی ایس سی کر رہا ہے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کار دھیرج چلا رہا تھا۔ تمام دوست دیر رات شہر میں سیر کے لیے نکلے تھے کہ اس دوران بائی پاس پر پل کے قریب کار بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ شبہ ہے کہ کار تیز رفتار میں تھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ایمبولینس کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس نے منڈلیشور میں طلباء کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی ہے۔ پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ جائے وقوعہ کے آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ کا پتہ چل سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن