اورنگ (آسام)، 4 جون (ہ س)۔ آسام کے اورنگ نیشنل پارک میں ان دنوں سیلاب کی سنگین صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ دھنسیری پنچنائی اور برہم پترا میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہونے سے پارک کا تقریباً 40 فیصد حصہ ڈوب گیا ہے۔ برہم پترا اور دھنسیری پنچنائی ندیوں کا پانی پارک کے جنوبی حصے میں داخل ہونے سے جنگلی حیات خطرے میں ہے۔ اگرچہ بہت سے جانور محفوظ اونچی جگہوں پر چلے گئے ہیں، لیکن صورت حال اب بھی بہت مشکل ہے۔
سیلاب نے پارک کے 12 کیمپوں کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، خیراچالی اور بالی کیمپوں میں پانی کی گہرائی سات فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ ان مخدوش حالات میں بھی محکمہ جنگلات کے اہلکار کشتیوں کی مدد سے مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ ایک سینگ والے گینڈے اور دیگر جانوروں کو شکاریوں سے بچایا جا سکے۔
معلومات کے مطابق، منگل کی شام سے دھنسیری ندی کی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا، جس سے مشرقی حصے میں کئی کیمپوں میں اچانک سیلاب آ گیا۔ پارک انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی