اندور، 29 جون (ہ س)۔ ٹرانسپورٹ بزنس مین راجہ رگھوونشی کے قتل کا معمہ ابھی پوری طرح حل نہیں ہوا ہے۔ شیلانگ ایس آئی ٹی کیس کی جانچ کر رہی ٹیم ایک بار پھر اندور پہنچ گئی ہے۔ ہفتہ کی دیر رات شیلانگ ایس آئی ٹی ٹیم نے اندور کرائم برانچ کے ساتھ مل کر مہالکشمی نگر میں پراپرٹی ڈیلر شیلوم جیمز کے گھر کی تلاشی لی۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک تلاش جاری رہی۔ اس دوران افسران نے کئی دستاویزات کی جانچ کی اور پھر شیلوم کو اپنے ساتھ لے کر دو کاروں میں روانہ ہوگئے۔ پولیس اب مزید تفتیش کرے گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ پولیس راجہ رگھوونشی کی سونے کی چین کی تلاش کر رہی ہے۔ پولیس نے بیگ میں رکھے زیورات کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دراصل شیلانگ پولیس کو شبہ ہے کہ سونم کے کالے بیگ سے غائب زیور شیلوم نے چھپایا ہے۔ ان کی تلاش میں ٹیم اتوار کو اندور میں بھی دیگر مقامات کی تلاش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق رتلام میں بھی تلاشی لی جائے گی۔ اس سے پہلے جمعرات کو ایس آئی ٹی عمارت کے مالک لوکندر سنگھ تومر، پراپرٹی ڈیلر شیلوم جیمز اور سیکورٹی گارڈ بلویر اہیروار کو اندور سے شیلانگ لے گئی۔ سونم نےاسی بلڈنگ کے ایک فلیٹ میں فراری کاٹی تھی۔
آپ کو بتا دیں کہ اندور کے راجہ رگھوونشی قتل کیس کی تحقیقات جاری ہے۔ اس قتل کیس میں اب تک 8 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ قتل کیس کے ماسٹر مائنڈ راجہ کی بیوی سونم اور اس کا عاشق راج کشواہا، آنند سنگھ کرمی، آکاش راجپوت اور وشال سنگھ چوہان ہیں۔ اس کے علاوہ اندور کے پراپرٹی ڈیلر شیلوم جیمز، چوکیدار بلبیر سنگھ اور لوکندر سنگھ تومر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ شیلوم اور گارڈ بلویر پر ثبوت کو مٹانے کا الزام ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن