نئی دہلی، 28 جون (ہ س)۔ کالعدم دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس آئی ایس) جسے داعش کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، سے وابستہ ثاقب عبدالحمید ناچن کی ہفتہ کی صبح صفدر جنگ اسپتال میں دوران علاج موت ہو گئی۔ وہ دسمبر 2023 سے دہلی کی تہاڑ جیل میں بند تھا۔ پولیس کے مطابق ثاقب ماضی میں ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور اس پر 2003-2002 میں ممبئی میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں میں بھی ملوث ہونے کا بھی الزام تھا۔
تہاڑ جیل انتظامیہ کے ترجمان اروند کمار کے مطابق ثاقب ناچن کو 22 جون کو طبیعت خراب ہونے کے بعد جیل کی ڈسپنسری لے جایا گیا جہاں سے اس کی حالت سنگین ہونے پر ا ڈی ڈی یو اسپتال اور پھر 25 جون کو صفدرجنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران ہفتہ کی صبح اس کی موت ہوگئی۔
ثاقب ناچن مہاراشٹر کے تھانے ضلع کے پڑگا کا رہنے والا تھا۔ وہ کالعدم تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (سیمی) کا سابق عہدیدار تھا۔ اس کا نام 2003-2002 میں ممبئی میں ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں میں سامنے آیا تھا، جس میں اسے اور اس کے بھائی کو عدالت نے 10-10 سال کی سزا سنائی تھی۔ وہ 2017 میں جیل سے رہا ہوا تھا۔
رہائی کے بعد بھی وہ تنازعات سے دور نہیں رہا۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے اسے 2023 میں آئی ایس آئی ایس سے متعلق دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس پر ملک میں دہشت پھیلانے اور نوجوانوں کو بنیاد پرستی کی طرف مائل کرنے کا الزام تھا۔
فی الحال دہلی پولیس کی تھرڈ بٹالین نے جیل انتظامیہ کو کیس کے بارے میں مطلع کر دیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔ متوفی کی لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد