نئی دہلی، 26 جون (ہ س)۔
بھارتی بلے باز سوریہ کمار یادو نے جرمنی کے شہر میونخ میں اپنے پیٹ کے نچلے دائیں حصے میںاسپورٹس ہرنیا کی کامیاب سرجری کی ہے۔ سوریہ کمار نے خود بدھ کو اپنے سوشل میڈیا کے ذریعے یہ معلومات شیئر کیں۔
سوریہ کمار نے اپنی پوسٹ میں لکھا، لائف اپ ڈیٹ: پیٹ کے نچلے حصے میں اسپورٹس ہرنیا کی سرجری کرائی ہے۔ سرجری کامیاب رہی اور میں اب صحت یاب ہونے کے راستے پر ہوں، جلد واپس آنے کے لیے پرجوش ہوں ۔
اسپورٹس ہرنیا پٹھوں کی چوٹ کی ایک قسم ہے جو کمر یا پیٹ کے نچلے حصے کے آس پاس کے پٹھوں، ٹینڈن یا لگامینٹس کو متاثر کرتی ہے۔بی سی سی آئی سے موصولہ معلومات کے مطابق سوریہ کمار سرجری کے تقریباً دو ہفتے بعد بنگلورو میں بی سی سی آئی سینٹر آف ایکسی لینس میں اپنی بحالی شروع کریں گے۔
تیسری بار سرجری ہوئی، پھر بھی سوریا فارم میں ہی ہیں
پچھلے تین سالوں میں سوریہ کمار کی یہ تیسری سرجری ہے۔ اس سے قبل 2023 میں ان کے ٹخنے کی سرجری ہوئی تھی اور 2024 میں انہوں نے اسی اسپورٹس ہرنیا کا علاج کروایا تھا۔ اس کے باوجود، انہوں نے حال ہی میں آئی پی ایل 2025 میں ممبئی انڈینز کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انہیں 'پلیئر آف دی ٹورنامنٹ' قرار دیا گیا۔
سوریہ کمار نے اس سیزن میں 717 رنز بنائے، صرف اورنج کیپ کے فاتح سائی سدرشن (759 رنز) سے پیچھے ہیں۔ ممبئی انڈینز پلے آف میں پہنچی، لیکن کوالیفائر 2 میں پنجاب کنگز سے ہار گئی۔ اس کے بعد کھیلی گئی T20 ممبئی لیگ میں، انہوں نے ٹرائمف نائٹس ممبئی نارتھ ایسٹ کی کپتانی کی اور پانچ اننگز میں 122 رنز بنائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ