بھوپال میں بغیر پرمٹ اور فٹنس سڑکوں پر چلنے والی اسکول بسوں پر جرمانہ عائد، 5 ضبط
بھوپال، 26 جون (ہ س)۔
بھوپال شہر میں اسکولی بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے آر ٹی او نے ایک بار پھر سخت موقف اختیار کیا ہے۔ جمعرات کو نرمداپورم روڈ پر خصوصی چیکنگ مہم کے دوران ماونٹ کارمل اور کے ایم کانوینٹ اسکول سمیت کئی اسکول بسوں کی جانچ کی گئی۔ اس مہم کے دوران قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی اسکول بسوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ پرمٹ اور فٹنس کے بغیر چلنے والی 5 بسیں ضبط کر لی گئیں۔ ان تمام گاڑیوں کو ضبط کرکے آر ٹی او آفس میں کھڑا کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ تین دیگر بسوں سے پی یو سی نہ ہونے اور ڈرائیور کے پاس درست لائسنس نہ ہونے پر 25,000 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ آر ٹی او عملہ نے موقع پر موجود دستاویزات کو اچھی طرح چیک کیا اور جن گاڑیوں میں سنگین خامیاں تھیں ان کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔ آر ٹی او جتیندر شرما نے اس سلسلے میں کہا، 'بچوں کی حفاظت سے متعلق اسکول بسوں کے دستاویزات جیسے فٹنس سرٹیفکیٹ، پرمٹ اور انشورنس کو نظر انداز کرنا سنگین جرم ہے۔ یہ براہ راست بچوں کی زندگیوں سے کھلواڑ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شرما نے یہ بھی واضح کیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ آنے والے دنوں میں اور بھی سخت چیکنگ مہم چلائے گا۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ 13 دنوں میں محکمہ آر ٹی او نے کل 15 اسکول بسوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ ان تمام بسوں کے پاس نہ تو درست پرمٹ تھے اور نہ ہی فٹنس سے متعلق دستاویزات۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن