ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کا حلف لیا
نئی دہلی،26جون (ہ س )۔
وزارت تعلیم حکومت ہند کے زیر اہتمام نشہ مکت بھارت پکھواڑا جون تا 25 جون2025 ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں منعقد کیا جارہا ہے۔ اس مہم میں ممتاز دانش گاہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھر پور حصہ لیا۔ وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف کی ایما پر شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ میں جلسہ حلف برداری اور مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعے پر صدر شعبہ پروفیسر کوثر مظہری نے کہا کہ منشیات ایک خاموش قاتل ہے جو صرف جسم کو ہی نہیں بلکہ معاشرتی اقدار اور خاندانوں کے ڈھانچے کو بھی کھوکھلا کر دیتی ہے۔
جلسہ حلف برداری میں شرکت کرتے ہوئے پروفیسر کوثر مظہری، پروفیسر شہزاد انجم، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر محمد آدم، ڈاکٹر نوشاد منظر، ڈاکٹر ثاقب عمران اور ڈاکٹر شہنواز فیاض کے علاوہ دفتری جے رام، محمد اختر اور ریسرچ اسکالر محمد طلحہ، عبد الرحمن اور ابو ہریرہ نے حلف لیا کہ میں اپنی پوری صلاحیت سے اپنے ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔
شعبے کی منشیات مخالف مہم میں اس امر پر زور دیا گیا کہ نوجوان نسل کسی بھی قوم کی توانائی ہوتے ہیں اور نوجوانوں کی طاقت کا معاشرے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ہوتا ہے۔ اس لیے یہ بہت اہم ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان منشیات سے پاک اس مہم میں شامل ہوں۔ نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنے کے لیے متحد ہو کر یہ عہد کرنا ہوگا کہ صرف کمیونٹی، خاندان اور دوست ہی نہیں بلکہ ہم خود بھی منشیات سے دور رہیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais