جموں, 26 جون (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک واقع معروف روحانی پیشوا بابا چملیال جی کے آستانے پر جمعرات کے روز منعقدہ سالانہ میلے میں جموں، کشمیر اور دیگر ریاستوں سے 30 ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
بابا دلیپ سنگھ منہاس المعروف بابا چملیال ایک ایسی روحانی شخصیت تھے جنہیں سرحد کے دونوں جانب عقیدت کی نظر سے دیکھا جاتا رہا ہے۔ تاہم جون 2018 میں سرحد پار سے بلا اشتعال فائرنگ میں بی ایس ایف کے چار اہلکاروں کی شہادت کے بعد سے پاکستانی وفود کی شرکت کا سلسلہ منقطع ہے۔
میلہ صبح صادق کے وقت اس وقت باضابطہ شروع ہوا جب بی ایس ایف کی 101 بٹالین کے کمانڈنٹ الکیش کمار سنہا نے بابا جی کی سمادھی پر چادر چڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ 322 سال پرانا آستانہ ہے اور یہاں آکر روحانی سکون ملتا ہے۔ میں بدھ کی شب یہاں پہنچا تاکہ صبح کی تقریب میں شریک ہو سکوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ، آستانہ کمیٹی اور بی ایس ایف باہمی تعاون سے میلے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں، جبکہ سرحدی علاقوں میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
آستانہ کمیٹی کے صدر چرن داس نے میلے کے پُرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عقیدت مندوں کی خدمت میں بھرپور تعاون کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر