’ مٹی میں ہاتھ ، دل وطن کے ساتھ ‘ نعرے کے درمیان شجر کاری مہم کے ’ لوگو ‘ کا اجرا
بچوں کی تنظیم سی آئی او ایک ماہ تک چلائے گی ملک گیر شجر کاری کی مہمنئی دہلی،22جون(ہ س)۔ چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (سی آئی او) کی جانب سے آئندہ 25 جون سے شروع ہونے والی ایک ماہ کی ملک گیر شجر کاری مہم کے ’ لوگو ‘ کا اجرا کیا گیا۔اس سلسلے میں جماعت اسلا
’ مٹی میں ہاتھ ، دل وطن کے ساتھ ‘ نعرے کے درمیان شجر کاری مہم کے ’ لوگو ‘ کا اجرا


بچوں کی تنظیم سی آئی او ایک ماہ تک چلائے گی ملک گیر شجر کاری کی مہمنئی دہلی،22جون(ہ س)۔

چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (سی آئی او) کی جانب سے آئندہ 25 جون سے شروع ہونے والی ایک ماہ کی ملک گیر شجر کاری مہم کے ’ لوگو ‘ کا اجرا کیا گیا۔اس سلسلے میں جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں بچوں اور خواتین نے شرکت کی۔ اس مہم کے تحت جماعت اسلامی ہند پورے ملک میں دس لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ جاری کئے گئے ’ لوگو ‘ کا نعرہ ہے ’ مٹی میں ہاتھ ، دل وطن کے ساتھ ‘۔ اس نعرے کے ذریعے پورے ملک کو ماحولیاتی آلودگی کے خلاف شجر کاری کا پیغام دیا جائے گا۔افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی ایس امین الحسن نائب امیر جماعت اسلامی ہند نے شجر کاری مہم کا ’ لوگو ‘ جاری کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جناب ایس امین الحسن نے بچوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے بہتر مستقبل کے لیے بچے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔ ماحولیاتی آلودگی کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آلودگی سے پاک معاشرہ لوگوں کی زندگی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری کے ذریعے ہم بڑی حد تک ماحولیاتی آلودگی کو دور کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر سی آئی او کے سکریٹری جناب سید تنویر احمد نے بچوں کو خطاب کرتے ہوئے شجر کاری کی اہمیت کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ درخت کئی اعتبار سے انسانوں کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔ ان میں غذا ، آکسیجن اور ماحولیاتی حسن شامل ہے۔ شجر کاری مہم کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب سید تنویر احمد نے کہا کہ بچوں کے درمیان پیڑ پودوں سے محبت اور ان کو شجر کاری کی طرف راغب کرانا ہے۔اس مہم کے ذریعے جماعت اسلامی ہند کا منصوبہ ہے کہ پورے ملک میں دس لاکھ پودے لگائے جائیں۔ واضح رہے کہ چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن ( سی آئی او ) پانچ سال سے لیکر دس سال تک کے بچے اور بچیوں کی دینی تربیت اور ان کے اندر سماجی شعور بیدار کرنے کا کام کر رہی ہے۔ اس مہم کے ذریعے جہاں ایک طرف ماحولیاتی آلودگی کے تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کرنا ہے وہیں دوسری جانب ان میں سماجی ذمہ داری کا احساس بھی بیدار کرنا ہے۔تقریب میں جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande