یومِ یوگا کا انعقاد ایک صحت مند اور مضبوط معاشرے کے تئیں ہماری وابستگی کی علامت ہے۔کوثر جہاں
نئی دہلی، 22 جون (ہ س)۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں کی سرپرستی میں حج کمیٹی کے دفتر ''حج منزل'' میں 21 جون کو بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر ایک عظیم الشان یوگا پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر حج منزل میں حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی، کمیٹی کے تمام عملے اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔یوگا سیشن کا آغاز کرتے ہوئے حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر نے تمام شرکائ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چیئرپرسن کی اپیل پر بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر اس یوگا سیشن کا انعقاد پوری انسانیت کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق ہندوستانی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ہندوستانی تہذیب کے اس نظریے کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ جسمانی و ذہنی طور پر صحت مندانسان ایک صحت مند معاشرے کی تعمیر میں معاون ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 جون کا دن جہاں شمالی نصف کرہ میں سب سے طویل دن کے طور پر جانا جاتا ہے، وہیں اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس دن کو بین الاقوامی یومِ یوگا قرار دیے جانے کے بعد اب یہ دن پوری دنیا میں ہندوستان اور اس کی تہذیب کی اہمیت کو اجاگر کرنے والا دن بن چکا ہے۔ نہ صرف ہندوستان میں بلکہ دنیا کے کونے کونے میں اس دن کو یوگا ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یوگا سیشن کے اختتام پر چیئرپرسن کوثر جہاں نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک مضبوط معاشرے کی تعمیر میں صحت مند شخصیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے اس یوگا پروگرام میں شمولیت کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں اور اس عزم کا اظہار کرتی ہوں کہ حج کمیٹی آئندہ بھی سماج اور قوم کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے پروگراموں کا انعقاد کرتی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais