جموں, 18 جون (ہ س)جموں یونیورسٹی کے جَمبُو لوچن ہوسٹل میں منگل کی رات ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں قانون کے شعبے میں زیرِ تعلیم پانچویں سمسٹر کا طالبعلم پرسرار حالات میں ہوسٹل کی بالکونی سے گر کر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
متوفی طالبعلم کی شناخت وِشال بھاردواج، ساکنہ کٹرا، ضلع ریاسی کے طور پر کی گئی ہے، جو جموں یونیورسٹی کے لاء ڈیپارٹمنٹ کا طالبعلم تھا اور ہوسٹل میں مقیم تھا۔
پولیس کے مطابق، واقعے کے فوراً بعد لاش کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم عمل میں لایا گیا۔ پولیس نے دفعہ 174 کے تحت انکوائری کی کارروائی شروع کر دی ہے تاکہ موت کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
تحقیقات کے دوران اس امر کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا طالبعلم حادثاتی طور پر گر گیا یا واقعے کے پس پردہ کوئی مشتبہ پہلو یا سازش کارفرما ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، جس کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
متعلقہ حکام اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر