بستی 16 جون (ہ س)۔ ضلع کے نگر تھانہ علاقے کے تحت گاؤں مانجھریا میں پیر کی صبح ایک المناک حادثے میں ایک نوجوان لڑکی کی جان چلی گئی جبکہ ایک اور خاتون بری طرح جھلس گئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے مزدور بارش کے دوران ٹین شیڈ کے ساتھ اپنی عارضی رہائش گاہ میں مقیم تھے۔
معلومات کے مطابق، دگ وجے کے اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے مزدور صبح تقریباً 9 بجے بارش کی وجہ سے اپنے ٹین شیڈ میں موجود تھے۔ اچانک ایک زوردار کڑک کے ساتھ بجلی گری جس کی وجہ سے سیما بنت رامپال عمر تقریباً 18 سال ساکن گائوں ہری رام پور بھینسہا، تھانہ ہری گاوں، ضلع سیتا پور کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس حادثہ میں ایک اور خاتون اوشا رانی زوجہ رمیش ساکن بہروا تھانہ لہارپور، ضلع سیتا پور جھلس گئی۔ فوری اطلاع ملنے پر تھانہ انچارج نگر دیویندر سنگھ پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ جھلسی ہوئی خاتون کو 108 ایمبولینس کی مدد سے ڈسٹرکٹ اسپتال بستی بھیجا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ موقع پر پہنچی پولیس نے متوفی سیما کی لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا اور پنچایت نامہ کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ حکام نے بتایا کہ واقعے سے متعلق تمام ضروری قانونی طریقہ کار مکمل کیا جا رہا ہے۔ واقعہ کے بعد گاؤں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی