ممبئی، 15 جون (ہ س)پونے ضلع کے
ماول علاقے میں دریائے اندرانی پر قائم ایک چھوٹا پل اتوار کو گر گیا، جس کے باعث
کم از کم پانچ افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ سہ پہر تقریباً 3:30
بجے پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پل پر موجود 20 سے 25 افراد میں سے پانچ کی
موت ہو چکی ہے۔
بارامتی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے بتایا کہ متعدد ریسکیو ٹیمیں جائے
وقوعہ کی طرف روانہ ہو چکی ہیں اور ان کی اولین ترجیح لوگوں کی جان بچانا ہے۔
یہ پل، جسے کنڈمالا پل کے نام سے جانا جاتا ہے، دریائے اندرانی پر واقع
ہے اور مانسون کے موسم میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے۔
پولیس کلکٹریٹ، پونے دیہی پولیس، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے اعلیٰ
حکام موقع پر پہنچ چکے ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پونے ضلع میں گزشتہ دو دنوں
سے جاری بارشوں نے صورتحال کو مزید نازک بنا دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان