لارناکا (قبرص)، 15 جون (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے تین ملکوں کے اہم دورے کے پہلے مرحلے میں اتوار کو قبرص پہنچے۔ قبرص کے صدر نکوس کرسٹوڈولائڈس نے خود لارناکا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیر اعظم مودی کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
صدر کرسٹوڈولائڈس کی خصوصی دعوت پر وزیر اعظم مودی 15 اور16 جون کو قبرص کے سرکاری دو طرفہ دورے پر ہیں۔ اس دورے کو ہندوستان اور قبرص کے درمیان اقتصادی، سرمایہ کاری، دفاعی اور ثقافتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم سمجھا جاتا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے قبرص پہنچنے پر ٹویٹ کیا، میں قبرص پہنچ گیا ہوں۔ ہوائی اڈے پر میرا استقبال کرنے کے خصوصی اعزاز کے لیے صدر نیکوس کرسٹوڈولائڈس کا شکریہ۔ یہ دورہ ہندوستان- قبرص تعلقات کو خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں اہم رفتار دے گا۔ وزیر اعظم مودی کا یہ دورہ تین ممالک کا احاطہ کر رہا ہے، جس کے تحت قبرص میں اپنے قیام (15 اور16 جون) کے دوران پی ایم مودی وہاں کے اعلیٰ رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ اس میں تجارت، ڈیجیٹل پارٹنرشپ، توانائی تعاون اور میری ٹائم سیکورٹی جیسے امور پر بات چیت نمایاں ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔
اس کے بعد 16 اور17 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کینیڈا جائیں گے، جہاں وہ جی 7 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس چوٹی کانفرنس میں، وزیر اعظم مودی جی -7 ممالک کے رہنماؤں، دیگر مدعو کردہ آؤٹ ریچ ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں کے ساتھ اہم عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ان میں توانائی کی حفاظت، ٹیکنالوجی اور اختراعات، خاص طور پر AI-توانائی کے تعلقات اور کوانٹم سے متعلق مسائل شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم یہاں کئی دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اپنے دورے کے آخری مرحلے میں، وزیر اعظم مودی جمہوریہ کروشیا کے وزیر اعظم آندریج پلینکوک کی دعوت پر 18 جون کو کروشیا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم پلینکوک کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے علاوہ مودی کروشیا کے صدر زوران میلانووک سے بھی ملاقات کریں گے۔ کروشیا کا دورہ یوروپی یونین میں شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ہندوستان کے عزم کو بھی اجاگر کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد