ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈوڈہ میں کاروائی
جموں، 14 جون (ہ س)۔ ڈپٹی کمشنرڈوڈہ ہرویندر سنگھ کی ہدایت پر موٹر وہیکلز محکمہ نے بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت چیکنگ مہم چلائی۔ یہ کارروائی اے آر ٹی او منجیت شرما کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ کارروائی کے دوران 60 سے زائد گاڑیوں کی جانچ کی گئی، جن میں سے 8 گاڑیوں کو موٹر وہیکل ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی پر ای-چالان جاری کیے گئے، جن سے 37,500 روپے جرمانہ وصول ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ نے ایک گاڑی کو سنگین خلاف ورزی پر موقع پر ہی ضبط کر لیا، جبکہ ایک ڈرائیور کے خلاف بار بار قوانین کی خلاف ورزی پر ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے ٹریفک نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر