نئی دہلی،14جنوری(ہ س)۔
غالب انسٹی ٹیوٹ کی ذیلی شاخ ’ہم سب ڈرامہ گروپ‘، سوسائٹی فار کمیونل ہارمونی اور آنند کٹمب نے ڈرامہ ’بیان غالب‘ کا ایوان غالب میں انعقاد کیا۔ اس ڈرامے کے پروڈیوسر اور نیریٹر جناب سدھانشو مانی تھے۔ پروفیسر کمکم دھر اینڈ ٹروپ نے کتھک ڈانس پیش کیا۔ ڈاکٹر پربھا سریواستو نے اپنی خوبصوت آواز میں کلام غالب پیش کیا۔ اس ڈرامے کے نریٹر سید کبیر احمد تھے اور گوپال سنہا نے لائٹ اور اسٹیج کی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیا۔ اس موقع پر غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمٰن قدوائی نے کہا کہ غالب عجب پر سرار فنکار ہے انھیں ہر بات کی جستجو ہے سوال قائم کرتے ہیں اور پوری وضاحت سے سوال کا جواب بھی نہیں دیتے بلکہ کچھ کہہ کے بہت کچھ سوچنے کے لیے چھوڑ دیتے ہیں۔ آج کی یہ شام میرے لیے بہت یادگار ثابت ہوگی۔ ڈرامہ شروع ہونے سے قبل محترمہ سیدہ سیدین حمید نے تعارفی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا غالب انسٹی ٹیوٹ کی خدمات سے ہم سب واقف ہیں یہ ادارہ علم و ثقافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیتا رہتا ہے۔ سوسائٹی فار کمیونل ہارمونی اور آنند کٹمب یہ دونوں بھی فعال گروپس ہیں اور جہاں بھی انھوں نے پروگرام کیے لوگوں کا دل جیت لیا ہے۔ اس ڈرامے کے ذریعے لوگوں کو اپنی ثقافت کی اہمیت بتانا اور اس سے جوڑنا ہے۔ ڈرامے کے تمام اداکاروں، گلوکاروں اور موسیقاروں کی کار کردگی کو لوگوں نے بہت پسند کیا۔ اس موقع پر مختلف میدانوں کے ماہرین اور دیگر ناظرین بڑی تعداد میں موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais