نئی دہلی، 13 جون (ہ س)۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا احمد آباد جہازحادثہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس پر اپنے رنج و الم کا اظہار کرتی ہے۔ ویلفیئر پارٹی اس حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تعزیت بھی پیش کرتی ہے۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے احمد آباد سے لندن جارہی ایئر انڈیا کی پرواز کے اڑان لیتے ہی حادثہ کا شکار ہوجانے اور تقریباً تمام ہی 242 مسافر و جہاز کے عملہ کے جان بحق ہوجانے کو ایک افسوسناک حادثہ قرار دیتے ہوئے، حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔ ہم مہلوکیں کے اہل خانہ کے غم کو سمجھ سکتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں پوری طرح ان کے ساتھ ہیں۔ ہم حکومت گجرات اور ایئر انڈیا کی انتظامیہ سے امید کرتے ہیں کہ وہ اس حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کی پوری طرح خبر گیری کرے گی اور انہیں ہر طرح کی سہولت بہم پہنچائے گی۔اسی طرح اس واقعہ کی ہر پہلو سے جانچ کرائی جائے تاکہ غلطیوں، کمیوں اور کوتاہیوں کا پتہ لگایا جاسکے۔ ایر انڈیا انتظامیہ اور ایئر پورٹ اتھاریٹیز جس کی بھی غفلت یا کوتاہی سے یہ حادثہ وقوع پذیر ہوا، ان کی نشاندہی ہونی چاہیے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے تاکہ آئندہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جاسکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais