ویسٹ انڈیز کے بلے باز نکولس پورن نے صرف 29 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی
نئی دہلی، 10 جون (ہ س)۔ ویسٹ انڈیز کے قدآور بلے باز نکولس پورن نے صرف 29 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر کرکٹ کی دنیا کو چونکا دیا ہے۔ پورن ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے کھلاڑی رہے ہیں اور وہ ٹی 20 میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
ان کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک بار پھر وائٹ بال کرکٹ میں خود کو قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حال ہی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی، جو ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا تھا۔ پورن ٹی 20 کرکٹ میں اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال سب سے زیادہ 170 چھکے لگائے تھے۔ حال ہی میں ختم ہونے والے آئی پی ایل 2025 میں، انہوں نے پہلی بار ایک سیزن میں 500 سے زیادہ رن بنائے اور 40 چھکے لگائے، جو اس سیزن کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
حالانکہ پورن کو انگلینڈ اور آئرلینڈ کے موجودہ دورے کے لیے منتخب نہیں کیا گیا کیونکہ انہوں نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے وقفہ طلب کیا تھا۔ پورن نے ویسٹ انڈیز کے لیے کبھی ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی۔ انہوں نے ستمبر 2016 میں اپنا ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، جب کہ انہوں نے فروری 2019 میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ لیکن وہ 2023 ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام ہونے کے بعد سے ون ڈے سے باہر ہیں۔
پورن نے 2022 میں ویسٹ انڈیز کی ون ڈے اور ٹی 20 دونوں ٹیموں کی کپتانی بھی کی، لیکن 30 میں سے صرف 8 میچ جیتنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 2022 میں آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے راونڈ میں ویسٹ انڈیز کے باہر ہونے کے بعد کپتانی چھوڑ دی تھی۔
نکولس پورن نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا، ’’اس کھیل نے مجھے بہت کچھ دیا ہے - خوشی، مقصد، یادگار لمحات اور ویسٹ انڈیز کے لوگوں کی نمائندگی کرنے کا اعزاز۔ میرون جرسی پہننا، قومی ترانے کے دوران کھڑا ہونا اور میدان میں اپنا سب کچھ دینا میرے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔ یہ بین الاقوامی باب اب ختم ہونے والا ہے لیکن ویسٹ انڈیز کرکٹ سے میری محبت کبھی ختم نہیں ہوگی۔‘‘
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (سی ڈبلیو آئی) نے پورن کی ریٹائرمنٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ’’نکولس نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اپنے کیریئر کا ایک اہم باب اپنے اختتام کو پہنچا دیا۔ وہ ورلڈ کلاس کھلاڑی اور میچ ونر رہے ہیں۔ ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے اور سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی کی حیثیت سے ان کی شراکت ناقابل فراموش رہے گی۔‘‘
اب ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو اگلے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل مڈل آرڈر میں ایک بہت بڑا خلا پُر کرنا ہوگا، جو پورن کی اچانک ریٹائرمنٹ سے پیدا ہوا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن