اورنگ آباد کی جیل میں قیدیوں کے لیے ہنر مندی کی تربیت کا آغاز، ہنر سیکھ کرباعزت نئی زندگی گزارنے کا موقع
اورنگ آباد، 9 مئی (ہ س)۔ اورنگ آباد میں ضلع سینٹرل جیل میں قیدیوں کے
لیے ہنر مندی کی تربیت کے جدید پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد جیل
میں قید افراد کو عملی مہارت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد عزت
و وقار کے ساتھ معاشرتی زندگی میں قدم رکھ سکیں۔ اس پروگرام کا آغاز ضلع کلکٹر دلیپ
سوامی نے کیا، جو جیل کو ایک اصلاحی مرکز بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس سلسلے
میں جیل میں دیوگیری انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے ماہر اساتذہ قیدیوں کو تربیت
فراہم کریں گے۔
اس پروگرام میں فٹر فیبریکیشن اور الیکٹریشن
فیلڈ ٹیکنیشن جیسے کورسز شامل ہیں جن کی مدت 400 اور 540 گھنٹے ہوگی۔ قیدیوں کو
تربیت مکمل کرنے کے بعد نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کونسل کے ذریعے سرٹیفکیٹ فراہم کیا
جائے گا، جس کے ذریعے وہ نہ صرف نوکری حاصل کر سکیں گے بلکہ اپنا کاروبار بھی شروع
کر سکیں گے۔ ضلع کلکٹر نے اس موقع پر بتایا کہ یہ تربیت قیدیوں کے لیے جیل سے رہائی
کے بعد معاشرتی زندگی میں کامیاب ہونے کا ایک بڑا موقع فراہم کرے گی۔
اس منصوبے کے لیے ضلع سالانہ منصوبہ سے
11 لاکھ 30 ہزار روپے کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میںاسسٹنٹ برائے اسکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ۔
ڈائریکٹر پی ٹی دیوتالے، دیوگیری انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل پردیپ
درگے،سکل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈائریکٹر سریش
وردے، سنٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ دتاترے گواڈے اس موقع پر موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان