ممبئی، 9 مئی (ہ س)
ممبئی کے ساکی ناکا علاقے میں ایک مشتبہ ڈرون
کی پرواز نے سیکورٹی نظام کو ہلا کر رکھ دیا، جس کے بعد ایئرپورٹ کے آس پاس ہائی
الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ حالات کے
دوران سامنے آیا، جس نے سیکورٹی فورسز کو مزید متحرک کر دیا ہے۔
معلومات کے مطابق، حضرت طیب جلال درگاہ
کے نزدیک تعینات ایک نجی سیکیورٹی گارڈ نے فضا میں ایک مشکوک ڈرون کو دیکھا، جو
کچھ ہی دیر میں قریبی کچی بستی میں غائب ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی ساکی ناکا پولیس حرکت
میں آئی اور علاقہ میں کومبنگ آپریشن شروع کیا۔ مقامی شہریوں نے بھی تصدیق کی ہے
کہ حضرت طیب جلال مسجد کے اوپر ایک مشتبہ ڈرون پرواز کرتا ہوا دیکھا گیا، جس نے
بعد میں آبادی کی طرف پرواز کی، جس سے خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی۔
صبح 5 بجے جریماڑی میں واقع ہری مسجد کے
اطراف ساکی ناکا پولیس اور سی آئی ایس ایف کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کا تفصیلی
معائنہ کیا، تاہم ابھی تک کسی ڈرون کا سراغ نہیں ملا۔ پولیس نے تفتیش میں مدد کے
لیے مخبر سے کہا ہے کہ اگر ممکن ہو تو وہ ڈرون کی تصاویر یا ویڈیوز مہیا کرے۔ اس
کے علاوہ دو سب انسپکٹرز اپنی ٹیم کے ساتھ مسلسل ڈرون کی تلاش میں مصروف ہیں۔
اس واقعہ کے بعد ریاست کے نائب وزیر
اعلیٰ اجیت پوار نے ہیلی کاپٹر کی پرواز کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور ستارہ سے
بذریعہ سڑک ممبئی روانہ ہوئے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈہ نے
صبح 5 بجے یہ اطلاع ممبئی پولیس کنٹرول روم کو دی، جس کے بعد پورے فضائی نظام کو
الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ہر فلائٹ کو جانچ کے عمل سے گزارا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی
ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ
گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور کسی بھی مشتبہ چیز کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔
تحقیقات جاری ہیں اور سیکورٹی ادارے صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان