کولکاتہ، 7 مئی (ہ س)۔
ہندوستان پاکستان سرحد پر کشیدگی کے درمیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے بعد ہم وطنوں کو تحمل اور اتحاد کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ یہ وقت ملک کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کام کرنے کا ہے اور کسی قسم کی افواہ یا خوف کی ضرورت نہیں ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم سب نے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لوگوں کو غیر ضروری طور پر ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے تمام سطح کی پولیس اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام اضلاع کے ڈی ایمز، ایس پیز اور تھانے کے افسران کو نگرانی بڑھانے کے لیے کہا گیا ہے۔یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب’آپریشن سندور‘ کے تحت ہندوستانی فوج نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں نو مقامات پر حملے کیے ہیں۔ اس کارروائی کے بعد پاکستان نے سرحد پر گولہ باری بھی تیز کر دی ہے جس کی وجہ سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔
ان حالات کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے نیپال اور پاکستان کی سرحد سے متصل 10 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ہنگامی میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں جموں و کشمیر، پنجاب، راجستھان، گجرات، اتراکھنڈ، اتر پردیش، بہار، سکم اور مغربی بنگال کے وزرائے اعلیٰ، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اور سینئر افسران موجود تھے۔اگرچہ ممتا بنرجی نے میٹنگ کے موضوع پر تفصیل سے کچھ نہیں کہا، لیکن یہ ضرور کہا کہ ’ہم سب ملک کے ساتھ ہیں۔‘انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بغیر تصدیق کے کسی بھی خبر پر یقین نہ کریں۔ ممتا نے کہا، ’گمراہ کن اور اشتعال انگیز خبروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ وقت ملک کو بچانے کا ہے، خوف پھیلانے کا نہیں۔‘وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ تمام سرکاری دفاتر کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری جواب دیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan