جموں, 4 مئی (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں اتوار کے روز ایک افسوسناک حادثے میں بھارتی فوج کے تین جوان اس وقت شہید ہو گئے جب ان کی گاڑی قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ کے مقام پر بے قابو ہو کر تقریباً تین سو فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
فوجی قافلہ جموں سے سرینگر کی جانب روانہ تھا کہ صبح تقریباً 11 بجے یہ دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ حکام کے مطابق گاڑی کے سڑک سے پھسلنے کے بعد فوج، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکاروں نے فوری طور پر مشترکہ بچاؤ مہم شروع کی، تاہم بدقسمتی سے گاڑی میں سوار تینوں اہلکار موقع پر ہی دم توڑچکے تھے۔شہداء کی شناخت سپاہی امت کمار، سُجیت کمار اور مان بہادر کے طور پر کی گئی ہے۔ حادثے کے نتیجے میں فوجی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور ملبے کا ڈھیر بن کر رہ گئی۔
لاشوں کو کھائی سے نکالنے کا عمل جاری ہے جبکہ فوجی افسران نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر پہاڑی علاقوں میں دشوار گزار سڑکوں پر سفر کی خطرناکی کو اجاگر کرتا ہے، جہاں معمولی سی لغزش بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر