جموں, 4 مئی (ہ س)جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے پولیس پوسٹ انچارج پی ایس آئی مرتضیٰ رحمٰن اور ان کے ڈرائیور ایس پی او ہمانشو شرما کو 13 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ترجمان اے سی بی کے مطابق، بیورو کو ایک شہری کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ مذکورہ پولیس اہلکار اور ان کا ڈرائیور، جی ایم سی جموں کے باہر ریہڑی لگانے کی اجازت کے عوض رشوت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں شکایت درست پائی گئی جس کے بعد اے سی بی تھانہ جموں میں ایف آئی آر نمبر 06/2025، دفعہ 7 انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 اور دفعہ 61(2) بی این ایس 2023 کے تحت مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات شروع کی گئیں۔تحقیقات کے دوران گزیٹیڈ آفیسر کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے منصوبہ بند کارروائی کے دوران دونوں ملزمان کو شکایت کنندہ سے 13 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے آزاد گواہوں کی موجودگی میں گرفتار کیا۔رشوت کی رقم موقع پر ہی برآمد کر لی گئی جبکہ دونوں ملزمان کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی، دونوں کے رہائشی مکانات پر بھی عدالتی نگرانی میں تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔
اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق، کیس کی مزید تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر