ممبئی، 23 مئی (ہ س)۔
جیسے ہی پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل) سیزن 12 کی نیلامی قریب آرہی ہے، پونیری پلٹن کے اسٹار آل راو¿نڈر اسلم انعامدار ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ ممبئی میں 31 مئی اور یکم جون کو ہونے والی اس نیلامی سے قبل اسلم نے اپنی واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ گھٹنے کی سنگین انجری کی وجہ سے وہ سیزن 11 میں صرف 7 میچ کھیل سکے تھے لیکن اب وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور واپسی کے لیے تیار ہیں۔
اسلم نے ایک بیان میں کہا، کبڈی کے کھلاڑیوں کے لیے انجری معمول کی بات ہے، یہ کھیل کا ایک حصہ ہے۔ لیکن حقیقی کھلاڑی وہ ہوتا ہے جو انجری کے بعد خود کو دوبارہ تیار کرے اور میدان میں اپنی طاقت دکھائے۔
25 سالہ اسلم کو سیزن 11 کے دوران مینیسکس ٹیئر ہوا تھا جس کے لیے ان کی سرجری کرانی پڑی۔ انہوں نے کہا، میں جلد صحت یاب ہونے کے لیے پرعزم تھا۔ اب 6 ماہ ہو چکے ہیں اور میں مکمل طور پر فٹ ہوں۔ میں سیزن 12 کے لیے تیار ہوں۔
سیزن 11 میں اسلم کی غیر موجودگی کا اثر پونیری پلٹن کی کارکردگی پر واضح طور پر نظر آیا۔ وہ ٹیم جو ابتدائی طور پر ٹیبل ٹاپر تھی، آخر کار آٹھویں نمبر پر رہی۔ اسلم نے کہا کہ 'جب میں کھیل رہا تھا تو ٹیم ٹاپ پر تھی لیکن میرے آو¿ٹ ہونے کے بعد ٹیم کا اعتماد کمزور ہوا اور کارکردگی میں کمی آئی ۔
پونیری پلٹن سے اسلم کا رشتہ بہت خاص رہا ہے۔ سیزن 7 میں شامل ہونے کے بعد، انہوں نے 'یووا پلٹن' سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور بطور کپتان ٹیم کو سیزن 10 میں چمپئن بنایا۔ اب تک وہ پی کے ایل میں 70 میچوں میں 545 پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں اور سیزن 11 میں انجری سے قبل انہوں نے 7 میچوں میں 38 پوائنٹس حاصل کیے تھے۔
اسلم جذباتی ہو گئے اور کہا کہ مجھے پونیری پلٹن پر بہت بھروسہ ہے، ٹیم کے مالک نے ہر حال میں میرے ساتھ کھڑے ہو کر مجھے بتایا ہے کہ میں ہمیشہ ان کا کپتان رہوں گا۔
نیلامی کے حوالے سے اسلم کا کہنا تھا کہ اس بار مقابلہ بہت سخت ہوگا۔ انہوں نے کہا، سیزن 12 کی نیلامی انتہائی چیلنجنگ ہوگی کیونکہ اس بار نیلامی میں کئی بڑے نام آ رہے ہیں۔ ایک کھلاڑی کی قیمت 2 کروڑ روپے تک جا سکتی ہے۔ یہ اب تک کی سب سے مسابقتی نیلامی ہونے جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ