جموں, 22 مئی (ہ س)۔ بین الاقوامی سرحد سے متصل اضلاع سانبہ اور کٹھوعہ کے مختلف سرحدی علاقوں کا ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شیو کمار نے دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ایس پی سانبہ وریندر سنگھ مانس ، ایس ایس پی کٹھوعہ شبھت سکسینہ ، ایس پی آپریشنز مکند ، ڈی ایس پی آپریشنز اور ایس ڈی پی او بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ڈی آئی جی نے مختلف سرحدی دیہات میں عوامی ملاقاتیں کیں، مقامی لوگوں کے مسائل سنے اور ان سے براہ راست تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بارڈر پولیس پوسٹوں اور بی ایس ایف چیک پوسٹوں پر تعینات افسران و جوانوں سے ملاقات کر کے سیکورٹی صورتِ حال کا جائزہ لیا اور بین ایجنسی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ڈی آئی جی شیو کمار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقائی امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھیں اور مشتبہ سرگرمیوں سے متعلق معلومات فوری طور پر پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جموں و کشمیر پولیس ہر وقت عوام کی خدمت کے لیے موجود ہے اور ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب متحد ہو کر اپنی سیکورٹی فورسز کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ ہمارا ملک مزید طاقتور بنے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر